بنگلورو،22؍اپریل (ایس او نیوز ) بنگلور شہری ضلع کی حدودمیں آنے والے پارلیمانی حلقوں میں کئی افراد نے ووٹر فہرست سے اپنے نام غائب رہنے کی شکایتیں کی ہیں۔ریاستی انتخابی کمیشن نے اس معاملہ کوسنجیدگی سے لے کراس کی مکمل جانچ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔شہری ضلع کے تینوں لوک سبھا حلقوں میں ہزاروں افراد کے نام کے ووٹر فہرست سے ڈیلیٹ ہوجانے سے متعلق انتخابی کمیشن کوکئی شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔ان شکایتوں کو نظر انداز کرنے کی بجائے ریاستی انتخابی افسر سنجیو کمار نے اس کو سنجیدگی سے لے کراس معاملہ کی جانچ کروانے کافیصلہ کیا ہے ۔رواں سال ماہ مارچ ووٹر فہرست میں ناموں کی جانچ کرنے کیلئے انتخابی کمیشن نے عوام کو مہلت دی رکھی تھی ۔ نئے ناموں کے اندراج ، پتہ کی تبدیلی سمیت دیگر تبدیلیوں اور خامیوں کو دور کرنے کا موقع دیا گیا تھا ۔ اس کے باوجود ووٹر فہرست سے ناموں کا غائب رہنا تعجب کی بات ہے ۔ کئی ووٹروں کاکہنا ہے کہ ان کے نام ووٹر فہرست میں شامل تھے ۔ لیکن آخری وقت ناموں کو ڈلیٹ کیا گیا ہے۔ ریاستی انتخابی کمیشن کے جوائنٹ کمشنر امیش نے بتایا کہ کمیشن نے ان شکایتوں کو سنجیدگی سے لے کر اس کی مکمل جانچ کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ جن افراد کے نام ووٹر فہرست سے غائب ہیں وہ فوری ریاستی انتخابی کمیشن دفتر یا اپنے اپنے حلقوں کے انتخابی دفاتر پہنچ کر اپنی شکایتیں درج کروا سکتے ہیں۔ قبل ازیں بی جے پی کے قائد آر اشوک نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ووٹر فہرست سے بڑی تعداد میں ووٹروں کے ناموں کا غائب ہونا ایک منصوبہ بند سازش ہے ۔ انہوں نے راست طور پر بی بی ایم پی افسروں پر الزام عائد کیا تھا کہ بی بی ایم پی افسروں نے جان بوجھ کر ووٹر فہرست سے ناموں کو حذف کیا ہے ۔ یہ بھی کہا تھا کہ بی بی ایم پی یا نظر نہ آنے والی طاقت اس سازش میں ملوث ہے۔